صحرائے تھر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھجور کی کاشت کا تجربہ کامیاب

229

کراچی(پ ر) دعا فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیاض عالم نے کہا ہے کہ صحرائے تھر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھجور کی کاشت کا تجربہ کامیاب ہوگیا ہے اور 2 سال 8 ماہ قبل لگائے گئے 125 درختوں میں سے 26 درختوں پر پھل لگے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2018ء میں دعا فاؤنڈیشن نے تھر کی دوسری بڑی تحصیل ڈاہلی کے گاؤں سخی سیار میں ایک مقامی کسان کی زمین پر کھجور، زیتون، انار اور بیر کے 500 سے زیادہ پودے لگائے اور انہیں پانی دینے کے لیے 450 فٹ گہری بورنگ کروائی گئی اور پانی نکالنے کے لیے سولر سسٹم نصب کیا گیا۔ کراچی سے آئے ہوئے سینئر صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس زمین پر پھلوں کے ان درختوں کے ساتھ ساتھ گندم، سرسوں، زیرہ اور اسپغول جیسی فصلیں بھی کاشت کی جارہی ہیں۔اس موقع پر دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر خان نے صحافیوں کے وفد کو بتایا کہ ہم لوگوں کو باعزت روزگار کمانے کے طریقے سکھا رہے ہیں، اگر صوبائی اور وفاقی حکومتیں دلچسپی لیں اور تھرپارکر میں کھجور کے باغات لگانے کے لیے کسانوں کی مدد کریں تو یہ اہل تھر کی غربت میں کمی کے لیے ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوسکتا ہے۔