امت اورتکبیر کے مدیراعلیٰ رفیق افغان خالق حقیقی سے جا ملے

338

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اردو اخبار روزنامہ امت کے مالک اور مدیر اعلیٰ رفیق افغان مختصر علالت کے بعدخالق حقیقی سے جاملے۔تفصیلات کے مطابق روزنامہ امت کے مالک اور مدیر اعلیٰ رفیق افغان چند روز سے علیل اورنجی اسپتال میں زیر علاج تھے اورپیرکی صبح رضائے الٰہی سے کراچی میں انتقال کرگئے۔ رفیق افغان روزنامہ امت کراچی کے چیف ایڈیٹر اور ہفت روزہ تکبیر کے مدیراعلیٰ تھے ۔ ان کی عمر 64 برس تھی۔انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور 2 بیٹے حمزہ افغان اور اسدافغان کو سوگوار چھوڑا ہے۔ان کی نماز جنازہ ظہرکی نمازکے بعد ہل پارک کے قریب شہید مسجد الفتح میں ادا کی گئی،جس میں مرحوم کے عزیز واقارب،دوست احباب،سماجی و سیاسی رہنمائوں، روزنامہ امت کے اسٹاف اورخیر خواہوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جب کہ ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں میوہ شاہ قبرستان میں سپرخاک کیاگیا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے رفیق افغان کی وفات پراظہار تعزیت کیا ہے جب کہ ملک بھر سے سیاسی وسماجی رہنمائوں کی جانب سے بھی رفیق افغان کی اچانک رحلت پراظہارافسوس اور تعزیت کا اظہارکیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان کی نماز جنازہ میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی ، رکن صوبائی اسمبلی و جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور الخدمت کے عنایت اللہ اسماعیل نے بھی شرکت کی ۔ مرحوم کے اہل خانہ،صاحبزادوں سے ملاقات و تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔دریں اثناامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر و میڈیا سیل کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے رفیق افغان کے انتقال پر اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ ادھر کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر راشد عزیز ، جنرل سیکرٹری موسیٰ کلیم و ارکان مجلس عاملہ کی جانب سے مشترکہ اعلامیے میںرفیق افغان کے انتقال پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات کو بلند کرے ، مرحوم کی صحافتی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،اللہ سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین