آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی سبسڈی کے لیے نئی حکمت عملی تیار

191

اسلام آباد (آن لائن) پاور سیکٹر میں آئی ایم ایف کی شرط پر سبسڈی کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاور ڈویژن نے سبسڈی سے متعلق درخواست نیپرا میں دائر کردی جس پر 9 اگست کو سماعت ہوگی۔ درخواست میں لائف لائن صارفین کے لیے سلیب 50 سے بڑھاکر 100 یونٹ کرنے کی تجویز کی گئی ہے جب کہ ماہانہ 200 یونٹ کے لیے پروٹیکٹڈ صارفین کی نئی کٹیگری بنانے کی تجویز کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 301 سے 700 یونٹ کے سلیب کو 4 سلیبز میں تقسیم کرنے کی تجویز دی ہے۔نیپرا نے درخواست میں 301 سے 400 اور401 سے 500، 501 سے 600 اور 601 سے 700 یونٹ والے صارفین کے لیے بھی الگ سلیب بنانے کی تجویز دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سلیبز بنانے سے بجلی کے ٹیرف پر کوئی فرق نہیں پڑے گا جب کہ اس اقدام کا مقصد پاورسیکٹر میں سبسڈی کا از سر نو تعین کرنا ہے۔