عرب پارلیمانی وفد نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کردی

105
اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر عدیل بن عبدالرحمن ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(صبا ح نیوز،آن لائن)عرب پارلیمانی وفد نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید کردی۔تفصیلا ت کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مشترکہ عقیدے اور ثقافت کی وجہ سے پاکستانی عوام کا عرب ممالک کے عوام کے ساتھ قدرتی لگائوہے،دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کے چیلنجز پر قریبی تعاون کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے ،وہ پیر کو عرب پارلیمنٹ کے صدر، عادل بن عبدالرحمن العسومی سے گفتگو کررہے تھے،جنھوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو میں صدر نے کہا کہ سلامی ممالک اسلاموفوبیا کے حوالے سے دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، انہوں نے کہ پاکستان کی پالیسی جیو سیاست سے جیو اقتصادیات کی طرف منتقل ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے،بھارت شہریت کے قانون کے ذریعے کشمیر میں مسلم آبادی کو کم کررہا ہے۔ صدر عرب پارلیمنٹ نے کہاکہ پاکستان عرب دنیا کے لیے اہم ملک ، امت مسلمہ کے مقاصد کے حصول میں تاریخی کردار ادا کیا ،اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالم اسلام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے، عرب پارلیمنٹ نے تنازع جموں و کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلیے، فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ حل کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ پاکستان کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے موقف، واضح اور دو ٹوک ہے۔ پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن حل کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کااظہار شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمان کی قیادت میں عرب پارلیمانی وفد سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کے دوران کیا۔ شاہ محمود قریشی نے عرب پارلیمانی وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ ،غیر آئینی اقدامات کی پرزور مذمت کرے۔ پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن حل کا خواہاں ہے۔دریں اثنائعرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمن العسومی نے پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات(PIPS)کا دورہ کیا۔پپس پہنچنے پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور پپس کے چیف ایگزیکٹو محمد انور نے وفد کا استقبال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون اور رابطہ کاری کے ذریعے ہم ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کا مقصد بھی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے تحقیق، قانون سازی، استعداد کار اور مختلف شعبوں میں روابط کے ذریعے صلاحیتوں کو بڑھانا اور پارلیمنٹ کے اراکین اور سٹاف کے کام کرنے کی صلاحیت کو مزید نکھارنا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر وفد کے رہنما کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی جبکہ پپس اور عرب پارلیمنٹ کے مابین ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے۔