مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی ،ادارہ شماریات کی نئی رپورٹ جاری

174

اسلام آباد (صباح نیوز)مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی ۔ادارہ شماریات نے ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے۔ جولائی 2021ء میں مہنگائی کی شرح 8.40فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق جون میں مہنگائی کی شرح9.7فیصد تھی۔جولائی میں خوردنی گھی6.70 فیصد ، خوردنی تیل 6.56فیصد مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر چینی کی قیمتوں میں 5.98فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ آلو اور دال چنا کی قیمت میں 4.89فیصد اضافہ ہوا۔ شہری علاقوں میں دال مونگ کی قیمت میں11.36فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جون کے مقابلہ میں جولائی میں شہروں میں ٹماٹر 82.4فیصد مہنگے ہوئے۔ جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر پیاز32.5فیصد مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق دیہات میں ٹماٹر 101.6 فیصد جبکہ پیاز 47.6فیصد مہنگے ہوئے جبکہ شہروں میں سالانہ بنیادوں پر خوردنی گھی کی قیمت میں 32.85فیصد اور کوکنگ آئل 31.70فیصد کا اضافہ ہوا ہے، سالانہ بنیادوں پر انڈوں کی قیمت میں 24.07فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ چینی 23.01 فیصد مہنگی ہوئی ۔ آٹے کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 14.92فیصد اضافہ ہوا ہے، سالانہ بنیادوں پر شہروں میں ٹماٹر کی قیمت میں 21.82فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کی دستاویزمیںمزید بتایا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں سالانہ بنیادوں پر کوکنگ آئل33.43فیصد مہنگا ہواجبکہ گھی 29.41فیصد مہنگا ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران گرم مصالحہ جات کی قیمتوں میں 16.7فیصد مہنگے ہوئے۔ایک سال کے دوران دودھ، گوشت اور مکھن کی قیمت میں 13فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر بجلی چارجز 21.72فیصد اضافہ ہوا ہے۔