بے حس حکومت نے پھر عوام پر پیٹرول بم گرا دیا‘ بلاول

110

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے حس حکومت نے ایک بار پھر اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے پیٹرول بم گرا دیا۔ اپنے بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے اندر پیٹرول کی قیمت میں10 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے‘پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی‘ عوام مزید مہنگائی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی اور ناکامیاں ملک کے آگے بڑھنے میں رکاوٹ بن چکی ہیں‘ سلیکٹڈ وزیراعظم سے ملک نہیں چل رہا جو فقط جھوٹ بولنے اور سیاسی انتقام کے علاوہ کچھ نہیں جانتا ہے۔ خان صاحب! عوام پر رحم کرو، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لو اور ٹیکسز کی شرح کم کرو۔