مقبوضہ کشمیر: علی گیلانی کا 5 اور 15 اگست کو مکمل ہڑتال کا اعلان

116

سرینگر (صباح نیوز) قائد تحریک آزادی جموں و کشمیر سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر پر جبر و تشدد اور بندوق کے زور پر غیر قانونی قبضے کو مسترد کر تے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 5 اگست اور 15 اگست کو ریاست بھر میں مکمل ہڑتال اور سول کرفیو ہوگا۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے خلاف بھارتی حکومت کی 5 اگست 2019ء کی کھلی جارحیت کو جس کے تحت کشمیر کو غیر قانونی، غیراخلاقی اور غیر آئینی طور پر بھارت میں ضم کیا گیا اب 2 سال ہو رہے ہیں۔ ان 2 برس میں جہاں دنیا کورونا وائرس سے پیدا بحران سے نمٹنے میں مصروف رہی وہیں بھارت نے اس بحرانی کیفیت کی آڑ میں کشمیر میں اپنے ناپاک اور مذموم مقاصد کو بروئے عمل لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ دوسری طرف اب کشمیری پنڈٹ برادری کو واپس لاکر انہیں الگ کالونیوں میں بسانے کے منصوبے پر بڑی تیزی سے عمل کیا جارہا ہے، کشمیری پنڈٹ برادری کی وطن واپسی کا ہم خیر مقدم کریں گے، وہ پہلے کی طرح یہاں مسلم آبادی کے ساتھ گھل مل کر رہیں تو بسروچشم لیکن ایک سازش کے تحت انہیں الگ کالونیوں میں بسانا کشمیری عوام کو ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا۔ یہ کالونیاں سماج کیلیے ناسور کی مانند ہوں گی اور آپسی اتحاد اور بھائی چارے کیلیے ایک مستقل خطرہ بنی رہیں گی۔ لہٰذا اس مکروہ منصوبے کی پوری شدت کے ساتھ مزاحمت کرنے کی ضرورت ہے۔