آئین شکنوں سے نجات کیلیے جدوجہد کر رہے ہیں‘ نواز شریف

90

لندن (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے قائد، سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی5 لاکھ ووٹوں سے6 سیٹیں اور پی ٹی آئی کی6 لاکھ ووٹوں سے 26 سیٹیں آئیں‘ تحریک انصاف کی ایسی فتح پر کون یقین کرے گا؟ ہماری جدوجہد محض چند سیٹوں کی ہار جیت کے لیے نہیں بلکہ آئین شکنوں کی غلامی سے نجات اور اپنی عزتِ نفس پر سمجھوتا کیے بغیر تاریخ کی درست سمت میں کھڑے نظر آنے کے لیے ہے‘ مسلم لیگ (ن) اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی چکی میں پستے عوام پی ٹی آئی سے نجات کے لیے گلی گلی دہائی دیتے ہیں‘ آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کے نتائج جس طرح حاصل کیے گئے اس کا تذکرہ اِن انتخابات کے دنوں سے پہلے ہی منظر عام پر آنا شروع ہو گیا تھا۔