کراچی: عدالت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرنے سے پولیس کو روک دیا

392

کراچی: عدالت نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر مقدمے کے اندارج سے روک دیا ہے جبکہ کورونا لاک ڈاؤن کے تیسرے روز مختلف مقامات سے چیکنگ بھی ختم کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں شہر بھر میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں سے متعلق سماعت ہوئی ، دفعہ 144کی خلاف ورزی پرمقدمات کے اندراج پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا بار بار دفعہ 144کی خلاف ورزی پرمقدمات کےاندراج ممانعت کررکھی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کا کہنا تھا کہ پولیس عدالتوں کا حکم نہیں مان رہی، ایسے کیسز میں ایف آئی آر کے اندراج کے بجائے شکایت درج کی جائے، پولیس اس طرح کی ایف آئی آر سے باز نہیں آئی توکارروائی ہوگی۔

عدالت نے گرفتار ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ملزمان کیخلاف مقدمات کے بجائے تحریری شکایت درج کرے۔

خیال رہے عدالت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پرمقدمہ اندارج سے روک دیا ہے، عدالت نے شرقی، کورنگی اضلاع میں دفعہ 144کےایف آئی آراندراج سے روکا ہے۔

ملزمان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمات کے اندراج پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ  عدالت نے بار بار دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمات کے اندراج کی ممانعت کر رکھی ہے لیکن پولیس عدالتوں کا حکم نہیں مان رہی، پولیس اس طرح کی ایف آئی آر کے اندراج سے باز نہیں آئی تو پولیس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کراچی میں لاک ڈاؤن کے تیسرے روز جگہ جگہ پولیس کے ناکے ہٹادیئے گئے ہیں اور شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

لوگ بغیر ماسک اور سماجی فاصلے کے سڑکوں پر گھوم رہے ہیں جبکہ بیکری، کریانہ اور کھانے پینے کی دکانیں معمول کے مطابق کھلی ہوئی ہیں۔