آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا

297

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا، جس میں نومنتخب ارکان عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

قانون ساز اسمبلی میں خواتین کے لیے مخصوص پانچ مخصوص نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئیں، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف 29 سیٹوں کے ساتھ پہلے، پاکستان پیپلز پارٹی بارہ سیٹوں کے ساتھ دوسرے اور پاکستان مسلم لیگ نوازسات سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

قانون ساز اسمبلی میں جموں و کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست ہے۔ پیپلز پارٹی کی دو نشستیں چوہدری یاسین نے حاصل کی ہیں۔ چوہدری یاسین ایک نشست چھوڑیں گے جس پر ضمنی الیکشن ہو گا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں علما و مشائح، ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کے لیے مختص نشستوں پر انتخاب آج  ہوگا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے مشترکہ امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودہدری لطیف اکبر کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے ساتھ ملاقات میں دونوں جماعتوں نے اسمبلی میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور باہمی تعاون سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی صورت انتخابی نتائج تسلیم نہیں کریں گی۔