سینئر صحافی اور روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان وفات پاگئے

612

کراچی: پاکستان کے نامور صحافی، روزنامہ امت کراچی کے چیف ایڈیٹر اور ہفت روزہ تکبیر کے مدیر اعلی رفیق افغان پیر کی علی الصبح کراچی میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 64 برس تھی۔

 تفصیلات کے مطابق  رفیق افغان گزشتہ ایک ہفتے سے کلفٹن کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں کورونا کی وجہ سے زیرعلاج تھے، طبعیت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیاگیا تھا جبکہ پیر کی علی الصبح وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

رفیق افغان نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹے حمزہ افغان اور اسدافغان کو سوگوار چھوڑا ہے جبکہ رفیق افغان پاکستان کے نامور صحافی، لکھاری اور ہفت روزہ تکبیر کے بانی صلاح الدین شہید کے داماد تھے۔

رفیق افغان ایک بہترین منتظم ہونے کے علاوہ نامور صحافی بھی تھے، انہوں نے تحقیقی صحافت میں بڑا نام پیدا کیا تھا جبکہ جہاد افغانستان کے حوالے سے انہوں نے رپورٹنگ میں خصوصی نام پیدا کیا۔

رفیق افغان کراچی کے مسائل، تعصبات کے خلاف وہ عمر بھر قلمی محاذ پر سرگرم عمل رہے ہیں اور وہ دائیں بازو کی سوچ رکھنے اور پاکستان سے نظریاتی محبت اور مضبوط وابستگی رکھنے والی سربرآوردہ شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔

ان کی نماز جنازہ بروز پیر (آج) مورخہ 2 اگست2021 کوبمقام شہید مسجد الفتح، کڈنی ہل (نزد کوکن پارک) بعد از ظہر ادا کی جائے گی۔