سیکولر لابیز خاندانی نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے،سراج الحق

525

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ سیکولر لابیز خاندانی نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے،حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو گئے۔

منصورہ میں جے آئی یوتھ خواتین ونگ کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ دین کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کا دلیل کے ساتھ مقابلہ کیا جائے، پردہ اور حیا کے کلچر کو عام کرناہوگا، عورت معاشرہ میں تبدیلی کے لیے بنیاد ی کردار ادا کرسکتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان  کا کہنا تھا کہ بے راہ روی ، فحاشی اور عریانی کا کلچر پوری طاقت کے ساتھ اسلامی تہذیب پر حملہ آور ہے، جنسی استحصال، ہراسگی اور ریپ کے بعد قتل کے واقعات میں اضافہ ہر پاکستانی کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ اسلامی اقدار پر کسی کمپرومائز کے بغیر مسلمان خواتین نے ماڈرن دنیا میں ہر فیلڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، مسلمان خواتین کا رول ماڈل ازواج مطہراتؓ اور حضور پاک کی بیٹیاں ہیں، جے آئی یوتھ خواتین ونگ کالجز و یونیورسٹیز میں دین کے پیغام کو عام کریں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ سسٹم سے نجات خواتین کی مدد کے بغیر نہیں ہوسکتی ،  موجودہ حکومت ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے بعد اس کی نظریاتی اساس کے خلاف سازشیں کرنے والوں کی بھی آلہ کار بنی ہوئی ہے، گھریلو تشدد بل اسی کا پیش خیمہ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ہم یہ واضح کرناچاہتے ہیں کہ اسلامی اقدار اور ملک کی نظریاتی اساس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا،معاشرے میں موجود بے سہارا ،بیوہ خواتین کو ریاست کی طرف سے مکمل امداد ملنی چاہیے اور ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کا بندوبست کیا جائے۔

 انہوں نے کہاکہ خواتین کو ہراساں کرنے والوں اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے قوانین موجود ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا،عام سائل کو تھانوں کچہریوں میں سالہا سال انصاف نہیں ملتا، ان مسائل سے نمٹنے کا واحد حل ایک ایسے نظام کا نفاذ جس میں قانون سب کے لیے برابر ہو۔