تاجروں کے اتحاد میں انتشار کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں،ہارون میمن

138

سکھر (نمائندہ جسارت)سکھر کی اہم اور بڑی تاجر تنظیم گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن نے حاجی محمد ہارون میمن کی قیادت پر بھرپور اور مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کی شمولیت کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے تاجر اتحاد کی حامل تنظیم آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز میں تاجر تنظیمات کی تعداد 56سے زائد ہوچکی ہے۔ انہوں نے گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ تاجروں کے حقوق کو اہمیت دی اور اولین سطح پر تاجروں کے مفادات کیلیے کام کیا ہے جس کے نتیجے میں سکھر کی تمام تاجر تنظیمات آل سکھر اسمال ٹریڈرز انڈ کاٹیج انڈسٹریز کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں ۔اس موقع پر گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر محمد زبیر قریشی، سینئر نائب صدر ہاسومل ، نائب صدر اور محمد عاطف قریشی، نائب صدر دوئم رمیش لعل، جنرل سیکرٹری محمد شبیر میمن، جوائنٹ سیکرٹری چندر لعل، پریس سیکرٹری محمد شفیق قریشی سمیت اناج بازار کے تاجر دکاندار بھی موجود تھے۔ حاجی ہارون میمن کا کہنا تھا کہ گرین مرچنٹ ایسوسی ایشن نے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز میں شامل ہوکر مثبت تعمیری اور درست فیصلہ کیا ہے ہم ان تمام نومنتخب عہدیداران کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا اور تاجروں کے حقوق کی جدوجہد میں اپنا حصہ ملایا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر شہر میں ہماری تاجر تنظیم کو ایک منفرد اور ممتاز مقام حاصل ہے پورے پاکستان کے اندر سکھر کے تاجروں کے اتحاد کی مثال دی جاتی ہے ملک میں کہیں بھی 56سے زائد تاجر تنظیمات کا کوئی متفقہ پلیٹ فارم نہیں ہے یہ اعزاز سکھر کی محب وطن اور غیور تاجر برادری کو حاصل ہے کہ وہ ایک چھتری تلے مل کر تاجروں کے مفاد اور حقوق کیلیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے اتحاد میں انتشار کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں اچھے پڑھے لکھے سمجھدار باشعور اور خدمت کے جذبے سے سرشار سکھر کی تاجر برادری آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز میں شامل ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ شکر ادا کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم نے اپنے تاجر اتحاد کے ذریعے شہر کے بیشتر مسائل حل کرائے اور ہماری مکمل کوشش اور جدوجہد رہی ہے کہ سکھر شہر کو اس کا اصل مقام دلایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں کے نتیجے میں غلام محمد مہر میڈیکل کالج کے نام سے یہ تعلیمی ادارہ قائم ہوا محکمہ ریلوے ، محکمہ سیپکو، محکمہ بلدیات، محکمہ سوئی گیس اور کسی بھی سرکاری ادارے میں تاجروں کا کوئی کام ہو تو آل سکھر اسمال ٹریڈرز اس مسئلے کے حل کیلیے صف اول میں نظر آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند مہینوں قبل سکھر میونسپل کارپوریشن اور تاجروں کے درمیان دکانوں کے کرایوں کے معاملے پر جو صورتحال سامنے آئی اس میں ہم نے نہ صرف احتجاج رکارڈ کرایا بلکہ عدالتی سطح پر عوامی سطح پر تاجروں کے اتحاد کی برکت سے اس مسئلے سے بااحسن و خوبی حل کی طرف لے جایا گیا یہ سب آپ کے اور ہمارے اتحاد کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی سکھر کی تاجر برادری مل کر اپنے حقوق کیلیے آواز بلند کرتی رہے گی اور اپنے اس پلیٹ فارم کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گی۔