شہری کورونا سے بچنے کیلیے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں،عبدالستار جتوئی

179

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالستار جتوئی نے سندھ کے عوام کو کورونا کی بگڑتی صورتحال میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں نے لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر سختی سے عمل نہ کیا تو کورونا وائرس کے مریضوں کیلیے مشکلات بڑھ جائیں گی اور جانی نقصان کا خطرہ بڑھ جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال حیدرآباد کے بعد جام شورو میں بھی کورونا وارڈ اور آئی سی یو بھر چکے ہیں اور ہنگامی بنیادوں پر 35 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اس کے علاوہ62 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ ہنگامی بنیادوں پر تیار کیا جا رہا ہے جو دو ہفتوں میں تیار ہو سکے گا ،کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد پریشان کن صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کو بڑے جانی نقصان سے بچانے کیلیے سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے تاہم عوام نے اسے سنجیدہ نہ لیا تو اس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن اور حکومت کی جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال سے نمٹا جا سکے۔