حیدرآباد ،واپڈا ملازمین مسائل حل نہ ہونے کیخلاف کل احتجاج کریں گے

122

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں حادثات کو روکا جائے ملازمین اور عوام کو تحفظ اور نئے ٹرانسفارمر و بجلی کے سامان کا میٹریل فراہم کیا جائے، اسٹاف کی کمی کو پورا اور ہنگامی بنیادوں پر بھرتی کی جائے تاکہ ادارے مضبوط ، صارفین کی مشکلات حل ہوں اور موجودہ اسٹاف صحت و سلامتی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ان مسائل کے حل کیلیے 3، اگست بروز منگل کو واپڈا ملازمین ملک گیر احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال حیدرآباد میں صوبائی و زونل عہدیداران کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان ، ملک سلطان علی، اعظم خان ، محمد حنیف خان، ریحان اقبال قائمخانی، رائو سعید احمد ، عبدالوحید پٹھان ، عابد شاہ ، عبدالجبار عباسی، مظہر ملاح ، غلام رسول ڈیتھو ، نور محمد سومرو ، عبدالسمیع فوجی ، غلام حیدر ، مرتضیٰ عباسی ، ملک روشن ، حافظ عبدالکریم ، مہر اللہ خان، ساجد اللہ راجپوت ، راجا آفریدی ، محمد اکرم خان، ایاز ، فیاض اور سراج بیگ وغیرہ نے بھی شرکت کی۔ قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے اجلاس کو مزید بتایا کہ ملک بھر میں بجلی کے حادثات میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آئے دن کہیں نہ کہیں ہمارا ملازم بجلی کے ترسیل نظام کو جاری رکھنے کیلیے اپنی قیمتی جان نثار کررہا ہے جبکہ حیدرآباد میں تو اب عام لوگ بھی بجلی کے حادثات میں شہید ہورہے ہیں، لہٰذا ملازمین اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے نئے ٹرانسفارمر و بجلی کے سامان کا میٹریل فراہم کیا جائے ، ملازمین پرLOE کا خاتمہ کیا جائے ، بجلی چوری کو روکنے کیلیے قانونی مدد فراہم کی جائے، لہٰذا سی بی اے یونین نے مرکزی سطح پر ان تمام مسائل کے حل کیلیے فیصلہ کیا ہے کہ 3، اگست 2021 بروز منگل کو ملکی سطح پر احتجاج، جلسے و جلوس نکالے جائیں گے ۔ تاکہ ہمارے اتحاد کی بدولت ہمارے ان مسائل کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ اس موقع پر اجلاس کو صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان نے بتایا کہ سندھ کی سطح پر مرکزی ریلی لیبر ہال حیدرآباد سے نکالی جائے گی جس میں حیسکو، واٹر ونگز، پاور ہائوسز اور این ٹی ڈی سی کے ملازمین بھرپور تعداد میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی حیسکو اور سیپکو کے ملازمین احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کرتے ہوئے مزدور دوستی کا ثبوت دیں گے۔