ٹنڈوآدم، مولانا محمد علی جوہر ہائی اسکول میں بڑا ویکسی نیشن کیمپ

264

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) کورونا ویکسین سے بچاؤ کے لیے اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم اعجاز احمد جتوئی اور محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر صادق بلوچ کی ہدایت پر سابق نائب ناظم یوسی 4 مشتاق احمد عادل، حاجی عبداللہ شیخ (مکہ پکوان سینٹر)اور سوشل ورکر نور حسن تھہیم کی تجویز پر مولانا محمد علی جوہر مونسپل ہائی اسکول جوہرآباد ٹنڈوآدم میں ایک بڑا کیمپ لگایا گیا جسمیں سیکڑوں مرد و خواتین کو محکمہ صحت کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ویکسین لگائی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر مونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم اعجاز احمد جتوئی، فوکل پرسن ڈاکٹر صادق بلوچ، انجمن تاجران ٹنڈوآدم کے صدر اقبال بھٹی ، نائب صدر حبیب خان، نوشاد شیخ ، سوشل ورکرعمران غوری نے کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے معلومات حاصل کیں اور اتنی بڑی تعداد میں کیمپ میں آنیوالے مرد خواتین کو ویکسین لگانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اعجاز احمد جتوئی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈوآدم میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، انجمن تاجران، سیاسی و سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی اور سوشل ورکرز نے کورونا سے بچاؤ کے لیے چلنے والی مہم اور کیمپوں کے انعقاد پر جس طرح احساس ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی طرح محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کیمپوں کا انعقاد کرتے رہیں گے تاکہ جلد از جلد ٹنڈوآدم میں 18 سال سے زائد عمر کے مرد و خواتین ویکسین لگوا کر خود کو اس وبا سے محفوظ کرلیں۔ انہوں نے تمام شہریوں، دکانداروں، مل مالکان سے گزارش کی ہے کہ وہ خود اور ان کے ملازمین بھی جلد از جلد ویکسین لگوائیں تاکہ معاشرے میں صحت مندانہ سرگرمیاں جاری رہیں۔