سیاحت اور انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کےتحت موسم سرما کے تفریحی پروگرام ترتیب

159

سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی مشیر خاص نوشین وسیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے مملکت میں اگست اور ستمبر کے دوران وزارت سیاحت اور سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی موسم سرما میں تفریحی پروگرام مشترکہ طور پر ترتیب دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کورونا وبا کی زیادتی کی وجہ سے موسم سرما کی تفریحات منعقد نہیں ہوئی تھیں۔
سعودی وزارت صحت اور متعلقہ اداروں نے بھرپور حفاظت کے ذریعے اس وبا پر خاطر خواہ قابو پایا ہے ۔ موسم سرما کے متوقع پروگرام حفاظتی تدابیر کے ساتھ ساحل سمندر اور پہاڑی علاقوں میں منعقد ہوں گے جس میں مقامی آبادی کے ساتھ پاکستان، بھارت اور فلپائن قونصلیٹ کے تعاون سے بھی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ۔
اس کے علاوہ یوم نوشین وسیم نے بتایا کہ آزادی کے حوالے سے 27 اگست کے پروگرام میں قومی نغمے،بچوں کے ٹیبلوز،ثقافتی و تصاویری نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی روائتی کھانے اور بچوں کے کھیل کے پروگرام بھی منعقد ہونگے۔ توقع ہے کی اسکا باقاعدہ اعلان جلد ہوگا۔
نوشین وسیم کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے مطابق سعودی عوام کے ساتھ یہاں رہائش پذیر دیگر ممالک کے افراد اور ان کے اہل خانہ کو بھی تفریحات میں شامل رکھا جائے، یہی وجہ ہے کہ تارکین وطن نے ہمیشہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اقدامات کو سراہا ہے۔
دوسری جانب مشیر سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نوشین وسیم کے اعزاز میں لندن کے مقامی ہوٹل میں ادارہ دھنک لندن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن سیدہ کوثر کی جانب سے عشایئے کا اہتمام کیا گیا، جس میں ادارہ دھنک لندن اور سعودی حکومت کے تعاون سے آرٹ اینڈ کلچر کے پروموشن پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ نوشین وسیم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم پوری دنیا سے ٹیلنٹ اکٹھا کرکے جدہ میں پرفارمنس کے مواقع مہیا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے ادارہ دھنک لندن کی چیئرپرسن سیدہ کوثر کی یورپ اورپاکستان میں سماجی و ادبی خدمات کو سراہا۔