ای او بی آئی پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا اجلاس

265

ای او بی آئی پنشنرز کے جائز مطالبات کو نظر انداز کرنا اور مسلسل خاموش رہنا حکومت وقت کی جانب سے تکلیف دہ عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار پنشنرز نے EOBI پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن EPWA کے رابطہ آفس میں منعقد مشاورتی اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے EPWA کے چیئرمین اظفر شمیم نے پنشنرز کو یقین دلایا کہ ایپوا پنشنرز کے بنیادی مطالبات جلد از جلد منظور کرانے کے لیے خلوص نیت سے کوشاں ہے اور مستقبل قریب میں کامیابیاں یقینی ہیں۔ سید علمدار رضا جنرل سیکرٹری، متین خان سینئر نائب صدر اور نائب صدر شمس زبیری نے کہا کہ رابطہ آفس کے قیام کا مقصد پنشنرز سے مسلسل رابطہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کی مشاورت سے حکومت اور EOBI کے اعلیٰ حکام سے فوری نوعیت کے مطالبات کو فوری طور پر منظور کرانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو مطالبات کو جلد منظور کرانے کے لیے یادداشت پیش کرنے کے ساتھ EOBI کے چیئرمین کی بلاتاخیر تقرری کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے تا کہ پنشنرز کے فوری نوعیت کے دفتری معاملات میں بلاوجہ تاخیر کا حل نکالا جاسکے۔ پنشنرز نے بینک الفلاح کی جانب سے پنشن ہر ماہ کی یکم کو نہ دینے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور اس حساس مسئلے کو فوری حل کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پنشنرز کو آگاہ کیا گیا کہ چیئرمین ایپوا کی اس حوالے سے بینک انتظامیہ سے رابطہ جاری ہے اور اس کا مستقل حل جلد نکال لیا جائے گا۔ محمد اخلاق، بھوپالی، رئوف، خالد یار خان، ممتاز مرزا، عظیم اور انوار جمال نے پنشنرز کے مطالبات حل کرنے کی EPWA کی کاوشوں کو سراہا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اوسط جعفری، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایپوا نے انجام دیے۔