ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کیلیے پاکستان کی 6 رکنی ٹیم منتخب

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کیلیے پاکستان کی 6 رکنی ٹیم منتخب کرلی گئی۔ ٹیم کا انتخاب کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے کیا گیا جس میں ملک کے 60 سے زائد پلیئرز نے حصہ لیا۔ پہلے مرحلے میں 50 پلیئرز کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوئے، جس کے اختتام پر ٹاپ 10 کھلاڑیوں نے فائنل مرحلے کیلیے کوالیفائی کیا۔ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے 10 کھلاڑیوں کو بھی فائنل راونڈ میں انٹری دی گئی۔ راونڈ رابن کی بنیاد پر ہر کھلاڑی نے 19 گیمز کھیلے۔ حشام ہادی خان نے تمام گیمز جیت کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔ علی سلمان نے 17گیمز میں فتح کے ساتھ دوسری اور عثمان شوکت نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کے نمبر ون یوتھ پلیئر اور سابق ورلڈ یوتھ چمپیئن سید عماد علی13 فتوحات کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ عفان سلمان اور 9 سالہ احمد سلمان نے پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پاکستان ٹیم میں جگہ پکی کرلی۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان ٹیم میں ایک ساتھ 3 بھائی شامل ہیں۔ اس سے قبل ہادی برادران نے ایک ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔