ایم کیوا یم پاکستان کا ماہ اگست کو ماہ آزادی کے طور پر منانے کا فیصلہ

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر ماہ اگست کو ماہ آزادی کے طور پر منانے کی تقریبات کا آغاز مرکز بہادر آباد پر پرچم کشائی کرکے کیا۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوا یم پاکستان نے ماہ اگست کو ماہ آزادی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیاہے۔ میں ایم کیو ایم پاکستان پہلے مرحلے میں یوم پرچم منارہی ہے، یہ سلسلہ دوہفتے تک جاری رہے گا جبکہ تیسرے اور چوتھے ہفتے میں قومی مذاکروں اور مباحثوں کا اہتمام کیا ہے، جس میں ملک بھر سے عمائدین کومدعوکیا گیا ہے ،اگست کے 31دنوں میں ہونے والے پروگرامز ،سیمینارز ،مذاکروں اور دیگرتقریبات سے میڈیا کو آگا ہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں ضرورت اس امر کی ہے کہ یوم آزادی کو صرف ایک دن کے طور پر نہ منایا جائے بلکہ یہ احساس آزادی کے طورپر منایاجائے اور قوم کو بالخصوص نئی نسل کو آزادی کے وسیع تر مفہوم سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے، آزادی خدا کا سب سے بڑا احسان ہے اور زندگی کی سب سے بڑی شان ہے ،اللہ تعالیٰ ہمیں آزادی کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی نعمت حاصل کرنے کیلیے ہم نے 20لاکھ جانوں کا نذرانہ دیا ۔کروڑوں افراد اجداد کی قبریں ،اپنے گھر بار ،محلے چھوڑ کر آئے ۔