محکمہ ایکسائز شہریوں کو وقت پر نمبر پلیٹوں کے اجرا میں ناکام

256

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز شہریوںکو وقت پرگاڑیوںکی نمبر پلیٹوں کے اجرا میں مکمل طور پر ناکام ہوگیا،محکمے کی غفلت کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے، ٹریفک پولیس گاڑی مالکان سے محکمے کی جانب سے جاری شدہ نمبر پلیٹ نہ ہونے کی صورت میں جرمانے کی مد میں 520روپے وصول کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گاڑی مالکان کو صو بائی محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ حاصل کرنا ہوتی ہے تاہم محکمہ روایتی غفلت اور غیر ذمے داری کامظاہرہ کرتے ہوئے شہریوںکو کئی کئی ماہ کی تاخیر سے یہ نمبر پلیٹیں فراہم کرتا ہے،جس کے نتیجے میںگاڑی مالکان کو ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے گئے بھاری جرمانے اد ا کرنے پڑتے ہیں،ٹریفک قوانین کے مطابق غیر منظور شدہ نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلانا ایک بنیادی قانون کی خلاف ورزی ہے،جس کا جرمانہ 520روپے ہے ،اس سلسلے میں ایک شہری راحیل عبدالرزاق نے دفتر جسار ت پہنچ کر بتایا کہ وہ گزشتہ روز اپنی گاڑی پر بلوچ کالونی سے گزر رہا تھا، اسی دوران ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے اس کی گاڑی پر نمبرپلیٹ کو فینسی اور غیر قانونی قرار دیا جس پر راحیل عبدالرزاق نے پولیس اہلکارروںکو آگاہ کیا کہ اس کو صو بائی محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اب تک نمبر پلیٹ جاری نہیں کی ہے، شہری نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جاری شدہ ایک تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی دکھایا ،تاہم پولیس افسر راناعبد اللطیف نے اس پر 520 روپے جرمانہ کردیا ،شہری حلقوں نے صوبائی حکومت سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ان کا موقف ہے کہ نمبر پلیٹوں کے اجرا میں تاخیر ایک سرکاری ادارہ کرتا ہے جس کی سزا شہریوں کو دینا مناسب نہیں۔