شہر میں مزید ڈرائیوتھرو ویکسین کی سہولت قائم کررہے ہیں،ناصرشاہ

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کلفٹن ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت قاسم سومرو ، ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے سینٹر میں سہولیات کا جائزہ لیا اور ویکسین کے لیے آنے والے شہریوں سے معلومات لیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہاکہ 18 جولائی سے ڈرائیو تھرو سینٹر شہریوں کو سہولت فراہم کر رہا ہے اور جے ایس بینک کے تعاون سے سندھ حکومت نے یہ ویکسی نیشن سینٹر قائم کیا ہے۔ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے 6 اضلاع کے 11 سینٹرز کو ماس ویکسی نیشن سینٹرز کا درجہ دے دیا گیا ہے جو کہ 24 گھنٹے کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ بڑی تعداد میں فیملیز اس سینٹر پر ویکسی نیشن کے لیے آ رہی ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہاکہ رش کو دیکھتے ہوئے کاؤنٹرز میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو کم وقت میں ویکسین کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ جے ایس بینک اور دیگر اداروں کے تعاون سے شہر میں مزید ڈرائیو تھرو ویکسین کی سہولت قائم کر رہے ہیں۔