ٹوکیو اولمپکس ، پاکستانی شوٹر جی ایم بشیر نے چھٹی پوزیشن حاصل کرلی

178

ٹوکیو(جسارت نیوز)پاکستان کے قومی چمپیئن اور ساتھ ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ شوٹر جی ایم بشیر نے ٹوکیو اولمپکس میں 25میٹر ریپڈ فائر پسٹل کوالیفائرز کے پہلے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چھٹی پوزیشن پر جگہ بنائی۔ٹوکیو اولمپکس میں اتوار کو 25میٹر ریپیڈ فائر پسٹل کے کوالیفائرز کا پہلا مرحلہ ہوا جس میں شوٹرز نے 30شاٹس کھیلے۔ پاکستان کے ٹاپ شوٹر جی ایم بشیر 293پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر چھٹی پوزیشن پر ہیں جبکہ خلیل اختر 286پوائنٹس کے ساتھ 16ویں پوزیشن پر ہیں۔ پیر کو تمام 27شوٹرز دوسرے اسٹیج میں مزید 30 شاٹس کا مقابلہ کریں گے جس کے بعد ٹاپ 6 شوٹرز میڈل اسٹیج کیلیے کوالیفائی کریں گے۔پہلے روز کے مقابلوں میں شوٹرز نے 5، 5 شاٹس کی 6 سیریز، مختلف ٹائم پریکٹس میں کھیلیں، ہر ٹائم بریکیٹ میں 2سیریز کھیلی گئیں۔جی ایم بشیر نے پہلے 8 سیکنڈز کی سیریز میں 99، پھر 6 سیکنڈز کی سیریز میں 98 اور پھر 4 سیکنڈز کی سیریز میں 96 پوائنٹس حاصل کیے۔خلیل اختر نے پہلی سیریز میں 98، دوسری میں 96 اور تیسری میں 92 پوائنٹس حاصل کیے۔پہلے اسٹیج کے اختتام پر 2018 کے عالمی چیمپیئن فرانس کے کلیمنٹ بیساگوائے پہلی پوزیشن پر ہیں۔