لاک ڈاؤن کا مطلب لوگوں کو بھوکا مارنا ہے،وزیراعظم

173

اسلام آباد( خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں لاک ڈاؤن کی مخالفت کردی۔ انہوں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے لیے پیغام ہے کہ لاک ڈاؤن کا مطلب لوگ کوبھوکا مارنا ہے، جہاں کورونا کی شرح زیادہ ہے وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن بہترین فیصلہ ہے۔اتوار کو پروگرام ‘آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ’ میں عوام کے ٹیلی فونک سوالات کے براہ راست جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی صورت لاک ڈاؤن کر کے اپنی معیشت کو تباہ نہیں کرنا، لاک ڈاؤن سے مزدور طبقہ شدید متاثر ہوتا ہے،سندھ حکومت لاک ڈاؤن سے پہلے یومیہ اجرت کمانے والوں کا سوچے، معیشت بڑی مشکلات سے نکلی ہے، لاک ڈاون کرکے اپنی معیشت دوبارہ تباہ نہیں کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ بھارت نے بغیر سوچے سمجھے لاک ڈاؤن لگایا، بھارتی حکومت نے صرف پیسے والے طبقے کے بارے میں سوچا غریبوں کے بارے میں نہیں سوچا،آج ہماری اور بھارت کی معیشت کو دیکھ لیں۔وزیراعظم کے مطابق سوائے پاکستان کے پوری دنیا میں رمضان میں مساجد بند ہوئیں، بھرپور تعاون کرنے پر علما کا شکر گزار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر آئی ہوئی ہے، ڈیلٹا ویرینٹ سب سے زیادہ خطرناک ہے، احتیاط کریں، بند جگہوں پر جہاں لوگ زیادہ ہیں وہاں ماسک پہنیں اور ویکسین لگوائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین پر وار کرتے ہوئے کہا کہکرپٹ لوگ این آر او مانگ رہے ہیں، وہ ہر وقت بلیک میل کرتے ہیں کہ اگرہم پر ہاتھ ڈالا تو ہم آپ کی حکومت گرا دیں گے، 2 خاندانوں نے ملک کا پیسہ بے شرمی اور بے دردی سے لوٹا اور ادارے تباہ کیے ،نیب نے پہلی بار بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپٹ معاشرہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا ،بڑی سطح پر موجود لوگوں کی کرپشن سے ملک تباہ ہوتا ہے، ہم قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت ن لیگ کی تھی ، پولیس بھی انہوں نے لگائی ، سینئر ممبر الیکشن کمیشن وزیراعظم آزادکشمیرکا ہم زلف ہے ، ان سب کے باوجود آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کیسے ہوئی؟سیالکوٹ ان کا گڑھ تھا ، وہاں بھی یہ الیکشن ہار گئے ۔انہوں نے کہا کہ ایک سال سے اپوزیشن انتخابی اصلاحات پروقت نہیں دے رہی ، اپنی تجویز دیتی ہے نہ حکومت کی سنتی ہے ، الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے ہی دھاندلی روکی جاسکتی ہے۔وزیراعظم کے بقول مہنگائی حکومت کو تکلیف دے رہی ہے، یہ سب سے بڑا مسئلہ ہے ، پیٹرول مہنگا کرنا پڑتا ہے کیونکہ دنیا میں قیمتیں اوپر جارہی ہیں لیکن پیٹرول درآمد کرنے والے ملکوں میں سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ کے راستے پر چل رہے ہیں، آپ کو سمجھنا ہوگا ریاست مدینہ میں 5سال حالات بہت برے تھے، آزاد میڈیاا ور آزادی اظہارِ رائے ملک کے لیے نعمت ہے ، صحیح صحافت اور تنقید ملک کے لیے ضروری ہے ، وہ حکمران میڈیا سے ڈرتے ہیں جنہیں قانون توڑنا یا کرپشن کرنی ہوتی ہے ، چوری کرنے والا ہمیشہ ڈر محسوس کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ نور مقدم کیس کو پہلے دن سے خود دیکھ رہا ہوں، اس واقعے سے سب کو صدمہ پہنچا ہے، تمام تفصیلات لی ہیں، اس کی ایک ایک چیز کا مجھے پتا ہے، یہ بڑا خوفناک قسم کا کیس ہے، اس سے پہلے افغان سفیر کی بیٹی سے حادثہ ہوا تھا کہ اس کو کسی نے مارا ہے،اس کیس کو بھی اسی طرح دیکھا جیسے وہ میری بیٹی ہو، افغان ہمارے اپنے لوگ ہیں، ہم انہیں اپنے بھائی سمجھتے ہیں،پولیس کو داد دوں گا کہ انہوں نے اس کی ایک ایک چیز کی تفتیش کی، اس طرح نور مقدم کیس میں بھی ایک ایک چیز کی تفتیش کر رہے ہیں۔ یہ بہت بڑی ٹریجڈی ہے۔ آپ سب کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کوئی طاقتور سے بھی طاقتور ہو، اس کو اس کیس میں سزا پوری ملے گی۔عمران خان کے بقول اسپورٹس میں پی ایچ ڈی ہوں، مجھے کھیلوں کو جو وقت دینا چاہیے تھا وہ نہیں دے سکا، جب ہم اقتدار میں آئے تو معیشت سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا تھا، جس ملک میں ادارے بہتر ہوتے ہیں وہاں کھیلوں کے میدان میں بھی ترقی ہوتی ہے، نظام کو تباہ کرنے میں وقت نہیں لگتا لیکن اسے ٹھیک کرنے میں وقت لگتا ہے، آخری 2سال میں پورا زورکھیلوںپر لگاوَں گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی وزیرخارجہ سے سفری پابندیوں سے متعلق بات کی ہے،انہوں نے یقین دلایا کہ اس معاملے کو جلد حل کرلیا جائے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ معذور افراد کو تمام محکموں میں کوٹہ ملنا چاہیے، 18ویں ترمیم کے بعد زیادہ تر محکمے صوبوں کے پاس ہیں، صوبوں کوہدایات دوں گا کہ ہر محکمے میں معذوروں کے لئے کوٹہ مختص کریں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام لوگ کم از کم ایک درخت ضرور لگائیں۔