کراچی پورٹ پر حکومت کی چینی سمندر برد ہوگئی

139

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پورٹ ٹرسٹ پر ٹرالر کے سمندر میں گرنے کے باعث اس پر لدی کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری چینی سمندر برد ہوگئی،واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سمند ر سے ٹرالر اور کنٹینر نکالنے کا کام پیر سے شروع کیاجائے گا۔تفصیلات کے مطابق اتوا رکو ایسٹ وہارف برتھ نمبر فائیو پرا یک ٹرالر بریک فیل ہونے کی وجہ سے چینی سے بھرے کنٹینر سمیت سمندر میں جاگرا،کنٹینر میں چینی کے 780 تھیلے تھے چینی حکومت پاکستان کی ملکیت تھی جو پاکستان ٹریڈنگ کارپوریش نے درآمد کی تھی ۔ ایم وی یونٹی جہاز دبئی سے ٹی سی پی کے لیے 33 ہزار ٹن چینی لے کر 27 جولائی کو کراچی پہنچا تھا، تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے کے پی ٹی پر مزدوروں کی تعداد کم ہونے سے جہاز سے چینی کی ان لوڈنگ مکمل نہ ہو سکی تھی۔ کے پی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالر کو سمندر سے نکالنے کا کام پیر کو شروع کیا جائے گا، رات کے وقت ٹرالر کو سمندر سے نکالنے کے لیے کے پی ٹی کے پاس وسائل نہیں ہیں۔