ترکی : ریسکیو ٹیموں کی  جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلیے کوششیں جاری

395

انقرہ : ترکی کے جنوبی اور مغربی حصے میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہیں، جنگلات میں 112مقامات پر لگی آگ میں سے 107پر قابو پالیا گیا  ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق  ترک محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ جنگلات کی آگ کے باعث5روز میں مختلف حادثات میں8افراد جاں بحق ہوئے، سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلیے قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

ترک محکمہ جنگلات کا کہنا تھا کہ ترکی کے جنگلوں میں لگنے والی آگ نے 30 شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ، ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے  کافی حد تک آگ پر قابو پالیا ہے، مزید آگ بجھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ترکی کے سیاحتی علاقے انطالیہ کے جنگلوں میں لگی آگ سے اب تک 8 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں سے 7 جاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ترک وزرا  سمیت دیگر عہدیدران نے بھی شرکت کی۔