سیکولر اور لبرل طبقہ افغانستان میں بدلتے حالات سے خوفزدہ ہے، سراج الحق

419

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا  ہے کہ غریبوں کے لیے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے، مخصوص سیکولر اور لبرل طبقہ افغانستان میں بدلتے حالات سے خوفزدہ ہے، پاکستانیوں کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔

منصورہ میں میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ آئی ایم ایف کے اشاروں پر پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ مہنگائی کی تمام ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ افغان قوم متحد ہو کر ملک میں امن اور مستحکم حکومت کے قیام کے لیے بات چیت کریں، پاکستان میں یکساں نظام تعلیم کے حق میں ہیں، مگر ایسا نصاب جو اسلامی اقدار کے خلاف ہو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ قوم کا آئین پاکستان اور پارلیمانی سسٹم پر اتفاق ہے، صدارتی نظام کے شوشے چھوڑ کر اختلافات کو ہوا نہ دی جائے، آزاد کشمیر الیکشن میں نتائج طے شدہ تھے، سرکاری وسائل کو استعمال کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی الیکشن میں پورے ملک میں اپنے نمائندے کھڑے کرے گی، الیکشن اپنے جھنڈے، نشان پر لڑیں گے اور سرپرائز دیں گے۔