پنجاب کا محرم الحرام میں موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں تعینات کرنےکا فیصلہ

343

لاہور: محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب نے صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب سارہ اسلم  نے کہا ہے کہ صوبائی ذیلی کمیٹی برائے کورونا کی سفارشات پر محرم الحرام میں موبائل ویکسینیشن کا انتظام کیا جارہا ہے،اس حوالے سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ کورونا موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں امام بارگاہوں ، مجالس اور جلوسوں کے داخلی راستوں پر تعینات ہوں گی، موبائل ویکسی نیشن ٹیموں کی تعیناتی کا فیصلہ عزاداروں کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔

سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے شرکا کورونا کے ایس او پیز پر لازما عمل کریں، مجالس اور جلوس میں شرکت سے پہلے ویکسین لازمی لگوا لیں کیونکہ بروقت اور فوری ویکسین لگوانا ہی بہترین علاج ہے۔