” را“ کو معلومات کی فراہمی‘متحدہ رہنما وکارکنان پر فرد جرم اگلی سماعت پرعاید ہوگی

299

کراچی(نمائندہ جسارت)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی” را“ کو خفیہ معلومات دینے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مقدمے میں ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد اور قمر منصور کے بھائی کو مفرور قرار دے دیا۔آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عاید کی جائے گی۔کراچی کی انسداد دہشت گری عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی ” را“ کو خفیہ معلومات دینے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مقدمے میں ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد اور قمر منصور کے بھائی کو مفرور قرار دے دیاہے۔ عدالت نے قمر منصور کے بھائی محمد محمود غفور سمیت 3 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔عدالت نے مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ مقدمے میں شاہد عرف متحدہ،ماجد خان گرفتار ہیں، عادل انصاری جمی،سراج احمد خان اور آصف صدیقی بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی جانب سے پاکستان میں خفیہ سلیپر سیلز اور میلز چلارہے تھے ،ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد محمد محمود غفور کو ” را“نے کوڈ آئی ڈی فراہم کی تھی،یہ آئی ڈی مفرور ملزم نے گرفتار ملزمان کو فراہم کی تھی،اس خفیہ آئی ڈی کے ذریعے ملزم ”را“سے رابطے کرتے تھے ، ملزم پاکستان کی خفیہ معلومات بھارت کو فراہم کرتے تھے، بھارت کی جانب سے بھاری فنڈنگ بھیجی جاتی تھی،ملزم پاکستان کے مختلف بینکوں میں رقم محفوظ کرتا تھا، ملزم دہشت گردوں کو تربیت کے لیے بھارت بھیجتا تھا۔