لاک ڈاﺅن تاجروں پر شب ِ خون کے مترادف ہے ، محمود حامد

244

کراچی(نمائندہ جسارت) آل پاکستان آر گنا ئزیش آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب اعظم اور کراچی ڈویژن کے صدر محمودحامد نے سندھ میں ظالمانہ لاک ڈاﺅن کے فیصلے کو تاجروں اور غریب عوام پرشب ِ خون قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے ، کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے ایسے فیصلے کیے جائیں جس میں
معیشت تباہ نہ ہو ۔ حکومت معیشت کے بچاﺅ کے لیے کراچی چیمبر آف کامرس کو بھی اعتماد میں لے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18ماہ میں پہلے کے لاک ڈاﺅن نے 35فیصد تاجروں کو دیوالیہ کر کے مارکیٹ سے باہر کردیا ہے وہ اب فاقہ کشی کا شکار ہیں ، حکومتی پالیسیوں کے سبب تاجروں نے اربوں روپے کا نقصان اُٹھایا ہے ، وہ اب تک اپنے کرائے اور ادھاردینے کے قابل نہیں ہیں ۔ حکومت بیرونی امداد سے تاجروں اور ان کے ملازمین کو امداد فراہم کرے ۔ تاجر رہنماﺅں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ بازاروں میں رش کے باعث کورونا پھیلنے کے اندیشے سے حکومت نے بازار بند کر دیے مگر اب ہر ویکسین سینٹر میں ہزاروں کا مجمع ہے اور انہیں ویکسین دستیاب نہیں جبکہ شاہراہوں پر پولیس عوام سے ویکسینیشن کے سرٹیفکیٹ طلب کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت پنجاب کی طرح گھر گھر ویکسین کا عمل مکمل کرے ۔ اسمال ٹریڈرز کے رہنماﺅں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی و صوبائی حکومت سندھ کے تاجروں کو ٹیکسوں اور یوٹیلیٹی بلوں میں چھوٹ دے ۔ غریب اور دیہاڑی دار طبقے اور ہوٹل انڈسٹریز کے لیے امداد کا اعلان کیا جائے ۔