ریلوے اپنی آخری حد تک پہنچ گیا، اعظم سواتی کا اعتراف

259

لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے اپنی آخری حد تک پہنچ چکا ہے، ریلوے کو چلانے کا ایک ہی حل ہے کہ اسے آو¿ٹ سورس کیا جائے، ریلوے کا اتنا پریشر ہے کہ بیگم کہتی ہیں آپ خواب میں بھی جھگڑا کررہے ہوتے ہیں، شہباز شریف کی بنائی اورنج ٹرین کی ادائیگی کئی نسلیں کریں گی۔ لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے میں سب چور نہیں، چھوٹے سے مافیا نے معاملہ بگاڑا ہوا ہے، ریلوے سے ایک بھی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا، ریلوے کو چلانے کا ایک ہی حل ہے کہ اسے آو¿ٹ سورس کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریلوے میں 30 فیصد چوری ہے، سال میں ڈھائی ارب کی بجلی چوری کی جاتی ہے جبکہ ڈرائی پورٹ سے ماہانہ 72 لاکھ روپے آمدنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو منافع بخش بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کی بہت ضرورت ہے، مال گاڑیوں سے حاصل آمدنی کو 30 ارب روپے تک لے جانا ہے، گوگل سے بھی جیو فینسنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ایم ایل ون پر 2 ماہ تک کام شروع کر دیا جائے گا۔ سرکلر ریلوے کی اراضی واگزار کرانے پر عدالت کے شکرگزار ہیں، ہم کمزور اور مافیا طاقتور ہے، 7 ماہ میں 50 افسران معطل کیے۔