پیٹرول بم گرا کر عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، ذکر اللہ مجاہد

610

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مسلسل پیٹرول بم گرا کر عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔ ایک ماہ میں تین دفعہ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان قوم کو بتائیں پیٹرول اور بجلی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی چور کون ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ماہ میں تین دفعہ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والے نااہل حکمران اقتدار سے قبل اپنی تقریروں میں بلند و بانگ دعوے کرتے تھے کہ ہم اقتدار میں آکر تیل کی قیمت 60 روپے فی لیٹر تک لے آئیں گے لیکن صورتحال آج بالکل مختلف ہے۔ پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر 119 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ڈویژن اور نااہل حکمرانوں کی طرف سے قوم کے ساتھ نفسیاتی کھیل کھیلا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ حکومت اپنے ٹیکسوں اور لیوی میں کمی کرنے کی بجائے پیٹرولیم منصوعات کے ہر اضافہ میں نئے ٹیکسوں سے بھی قوم کا خون نچوڑ رہی ہے۔ امیر لاہور نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم منصوعات پر عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پیڑول مہنگا کرکے عوام کی قوت خرید ختم کررہی ہے۔ مسلسل بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے تجارت، صنعت اور ملک کے پورے معاشی ڈھانچے تبدیل کردیا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا نہ رکنے والا طوفان برپا ہوگا۔