کندھکوٹ قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرائی جائے،پٹھان برادری

172

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) کندھکوٹ قبضہ مافیا کیخلاف پٹھان برادری کی پریس کانفرنس۔ کندھکوٹ شہر کے قدیم مکین پٹھان برادری کے لالا سلیم، لالا اویس اورعلی عابد پٹھان و دیگر نے مٹھا چوک پر واقع اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مٹھا چوک کے مقام پر ہمارے آباؤ اجداد کی زمین پر بااثر لینڈ گریبر حافظ امتیاز سہریانی، شبیرکھوسہ زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، زمین ہمارے نام پر 1936ء اور 1962ء کے ادوار میں رجسٹرڈ ہے مگر دو افراد جنہوں نے ہمارا جینا اجیرن کردیا ہے، ایک کا تعلق سھریانی برادری اور دوسرے کا کھوسہ برادری سے ہے، متاثرین کی دہائیاں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ کو کئی بار درخواست دی جو بے سود ثابت ہوئی۔ ان بااثر قبضہ مافیا لینڈ گریبر کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی، جنہوں نے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پولیس کی موجودگی میں ہماری دیواروں کو مسمارکردیا۔ انہوں نے صحافیوں کے سامنے اعلیٰ عملداران سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری زمین واگزار کروا کے ملوث قبضہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو ہمیں مسلسل ہراساں کرنے کیساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جو ہمیں افغان ثابت کرنا چاہتے ہیں۔