جیکب آباد،بجلی کی طویل بندش سے شہری بے حال

133

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آبادکے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ فیڈر پر بلاجواز غیر اعلانیہ چار گھنٹے بجلی بند، علاقہ مکین گرمی سے نڈھال، پی ڈی سی بجلی کی بندش سے لاعلم، سیپکو شکایتی سیل سکھر نے شکایت درج نہ کی۔ جیکب آباد میں شدید گرمی میں سیپکو کی جانب سے بجلی کی ندترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ ہوسکا، جس کی وجہ سے شہری سخت پریشان ہیں۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ فیڈر پر بھی بلا جواز غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شکایات اب معمول بنتی جارہی ہے۔ جیکب آباد کے سٹی ون فیڈر جو کہ لوڈشیڈنگ فری ہے پر 30 جولائی جمعہ کے روز شام چار سے آٹھ بجے تک بجلی بند کی گئی۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث شہری گرمی سے نڈھال ہوگئے۔ پی ڈی سی سکھر بھی جیکب آباد کے سٹی ون فیڈر پر بجلی کی بند ش کے متعلق لاعلم رہا، صارفین کی جانب سے بجلی کی بندش کے متعلق سیپکو شکایتی سیل سکھر کو شکایت کی گئی تو موجود یاسر عباس نے شکایت درج کرنے سے انکار کردیا۔ سیپکو کی ایسے ناروا سلوک پر نصیر احمد، ظفر علی، منور اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو شکایتی سیل سکھر کا فون نمبر عموماً مصروف رہتا ہے اگر نمبر لگ جائے تو شکایت درج نہیں کی جاتی۔ چیف سیپکو جیکب آباد کے سٹی ون ایکسپریس فیڈر پر بجلی کی لوڈشیڈنگ، شکایتی سیل سکھر کے عملے کیخلاف نوٹس لیکر کارروائی کریں۔ سیپکو عملے کو صارفین کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش آنے کی ہدایت کی جائے، بل دینے والے صارفین سے سیپکو عملے کا رویہ قابل افسوس ہے۔ لوڈشیڈنگ فری فیڈر سٹی ون پر چار گھنٹے بلاجواز بجلی کی بندش کی تحقیقات کروائی جائے اورغفلت کے مرتکب افسران و عملے کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب جیکب آباد گرڈ انچارج کے مطابق جمعہ کو سٹی ون فیڈر کی بجلی 4:45 پر بند ہوئی اور آٹھ بجے بجلی بحال ہوئی، تین گھنٹے بیس منٹ بجلی بند رہی، دو گھنٹے سیپکو عملے کے مطابق لاکڑا بازار میں تار کی مرمت کا کام کیا گیا۔