روایتی بیوروکریسی نے عوام کا جینا محال کررکھا ہے،جاوید قصوری

737

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پورا ملک مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جب سے تحریک انصاف کی حکومت تبدیلی کا نعرہ لگا کر بر سر اقتدار آئی ہے، اس وقت سے ہی ہر شعبہ تباہ حال اور عوامی مسائل میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ یہاں ہر روز ایک نیا بحران جنم لیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ جب تک چور لٹیروں اورکرپٹ افراد اسمبلیوں میں اور کابینہ کا حصہ ہیں اس وقت تک مافیا کے ظلم سے نجات حاصل نہیں ہوسکتی۔ عوام بد حال اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ وزیر اعظم کے بار بار دعوئوں اور وعدوں کے باوجود مافیا کسی کے کنٹرول میں نہیں آرہا۔ شوگر مافیا 230 ارب روپے اضافی عوام کی جیبوں سے نکال چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ کوئی ایک کام بھی ڈھنگ سے ان سے نہیں ہوتا۔عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ترقیاتی منصوبوں ٹھپ پڑے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ کا نصف خرچ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک جمود کا شکار ہے۔ عوام کے فلاح وبہبود کے سارے کام بند ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے کوئی واضح میکنزم موجود نہیں۔ نا اہل حکمران اور روایتی بیوروکریسی نے عوام کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ المیہ یہ ہے کہ وزیر اعظم دعوے تو بلند و بانگ کرتے ہیں مگر ان کی ٹیم میں اہلیت و صلاحیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ جب تک لٹیروں کا راستہ نہ روکا گیا اس وقت تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔