لاڑکانہ، شیخ زید وومن اسپتال میں حاملہ خاتون دم توڑ گئی

262

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) شیخ زید وومن اسپتال میں شہر کے خالق کالونی کی رہائشی حاملہ خاتون صبا زوجہ عبدالقادر بچے سمیت دم توڑ گئی جبکہ ورثاء کی جانب سے ڈاکٹروں پر غفلت برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس موقع پر متوفی خاتون کے شوہر عبدالقادر کنبھر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ شیخ زید اسپتال میں ڈاکٹروں نے میری حاملہ بیوی صبا کا آپریشن کرنے کے بجائے بخار میں مبتلا ہونے کا کہہ کر چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات داخل کروانے کا مشورہ دیا جہاں بھی علاج فراہم نہ کیا تو میں نے اپنی بیوی کو دوبارہ شیخ زید وومن اسپتال منتقل کیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے غفلت کا مظاہرہ کرکے بروقت بیوی کا آپریشن نہیں کیا جس کے باعث میری بیوی اور پیٹ میں پلنے والا بچہ فوت ہوگئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیوی اور بچے کے قتل میں ملوث ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد خاتون کی لاش ورثاء ایمبولینس کے ذریعے گھر لے گئے۔