امریکا نے شمالی کوریا کو تیل پہنچانے والا ٹینکر ضبط کرلیا

215
کمبوڈیا: امریکی تحویل میں آنے والا سنگاپور کی کمپنی کا آئل ٹینکر ایم ٹی کریجیئس ہمسایہ ملک میں کھڑا ہے

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ امریکا نے سنگاپور کی ایک کمپنی کی زیر ملکیت آئل ٹینکر کو ضبط کر لیا ہے۔ یہ آئل ٹینکر شمالی کوریا کو غیر قانونی طور پر تیل کی ترسیل کر رہا تھا۔ نیو یارک کے فیڈرل جج کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے امریکا نے ایم ٹی کریجیئس نامی آئل ٹینکر کو تحویل میں لیا ہے، جو اس وقت کمبوڈیا میں موجود ہے۔ محکمہ انصاف کے جاری کردہ بیان کے مطابق آئل ٹینکر جس میں 2ہزار 734 ٹن تیل ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے اور اسے سنگا پور کی کویک کی سینگ کمپنی نے خریدا تھا۔ بیان کے مطابق کویک اور اس کے حلیف امریکا اور اقوامِ متحدہ کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کے باوجود خفیہ طور پر شمالی کوریا کو تیل فراہم کر رہے تھے۔ 2019ء میں اگست سے دسمبر کے درمیان کریجیئس نے غیر قانونی طور پر اپنی موجودگی کے مقام سے متعلق معلومات کو خفیہ رکھا تھا۔ سیٹلائٹ تصویروں کے مطابق اس عرصہ کے دوران آئل ٹینکر نے 15 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کا تیل شمالی کوریا کے جہاز میں منتقل کیا تھا۔ محکمہ انصاف کی طرف سے کویک پر شیل کمپنیوں کے ذریعے اس منصوبے کو خفیہ رکھنے کا الزام لگایا گیا، تا کہ کسی قسم کی کٹوتی نہ کی جا سکے۔ محکمہ انصاف کی طرف سے کویک پر شمالی کوریا پر عائد کردہ معاشی پابندیوں کی خلاف ورزی اور منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ کمبوڈیا کے حکام نے مارچ 2020ء میں امریکی کی طرف سے جاری کردہ وارنٹ پر آئل ٹینکر کے خلاف کارروائی کی تھی اور اس وقت سے ٹینکر وہاں ہی موجود ہے، تاہم اسے امریکی حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات ایک عرصے سے رکے ہوئے ہیں اور اس چیز کا تعین نہیں ہو سکا کہ اگر جوہری ریاست شمالی کوریا پر عائد معاشی پابندیاں ہٹائی جاتی ہیں تو بدلے میں شمالی کوریا کیا اقدامات کرے گا۔