۔16واں ڈائی ورسٹی کپ 6 اگست کو امریکا میں شروع ہوگا

239

کراچی (سید وزیر علی قادری) امریکا میں عالمی کرکٹ تنظیم آئی سی سی کے ممبر بننے کے بعد کھیل کو بہت زیادہ پزیرائی مل رہی ہے جس کا سہرا وہاں پہلے سے جاری بین الاقوامی نوعیت کی طرح ان آرگنائزرز کے سر ہے جو ہر سال مختلف موقعوں پر میگا ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتے ہٰیں جس کی انعامی رقم کئی ہزار یو ایس ڈالرز میں ہوتی ہے۔ ان میں سے ایک نام گلوبل اسپورٹس کا ہے جو 6اگست سے 16واں ڈائی ور سٹی کپ کرانے جارہی ہے۔ ٹورنامنٹ کے سیکریٹری اور اہم آرگنائزر شاہد احمد نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کی اور ٹورنامنٹ کے بارے میں دریافت کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے سوالات کے جوابات دیے جو قارئین کی نذر ہے۔ شاہد احمد کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ کووڈ 19کی عالمی وبا کے دوران بھی مکمل ایس او پیز کے ساتھ الحمداللہ گزشتہ سال بڑی کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا اس ٹورنامنٹ میں 9نامور ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں ایشیا یونائیٹڈ ، بنگلادیش ٹائیگرز، انڈیا بلیوز، مشنگن چیتاز، نارتھ امریکا پنجاب بلیوز، پاکستان گرینز، یو ایس اے بلیوز، یو ایس اے ریڈز اور یو ایس اے وائٹس شامل ہیں۔ ان ٹیموں میں عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں جو اپنے جوہر دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ان چند ایونٹس میں سے ایک ہے جس کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 35ہزار یو ایس ڈالرز کی انعامی رقم اور دیگر انعامات ٹیموں ، اسپانسرز اور شائقین کو اپنی طرف کھیچنے میں کامیاب رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کلر فل ایونٹ کے افتتاحی روز ایک شاندار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں سابق پاکستان کرکٹ کپتان لیجنڈ یونس خان خصوصی دعوت پر شرکت کرنے امریکا آرہے ہیں۔ انہوں نے کوریج کے حوالے سے کہا کہ ہمیشہ کی طرح سماجی رابطہ کے زریعے دنیا میں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ انہوں نے ان تمام اداروں اور کھلاڑیوں اور منتظمین ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب کرنے کے لیے شب و روز محنت کی ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔