پولیس نے چھاپا مار کارروئیوں میں 35 ملزموں کو گرفتار کرلیا

93

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میںپولیس کی چھاپا مار کارروائیوں کے دوران35ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔قیوم آباد میںروڈبلاک کرنے والے 9 افراد اورکورنگی سے گٹکاماوا کے کارخانے سے 10افراد کو پکڑلیا گیا جبکہ منگھوپیر، چاکیواڑہ،قائدآباداور قیوم آباد سے 11 منشیات فروشوں کو دھرلیا گیا،ملزمان کے قبضے سے منشیات ، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ۔ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے 2 ملزمان بھی پکڑے گئے۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر منشیات فروشی میںملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔گرفتار ملزمان میں فیصل ولد حیات خان، محمد عمران ولد ملک جان، سمیر پاشا ولد ظفر پاشا اور افضل ولد روز محمد شامل ہیں۔ فیصل اور سمیر پاشا کا نام مطلوب منشیات فروش ملزمان کی فہرست میں شامل تھے ۔ملزمان پختون آباد، سلطان آباد اور منگھوپیر کے مختلف علاقوں میں منشیات کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔گرفتار ملزمان سے 4 کلو 730 گرام سے زائد فائن کوالٹی چرس اور نقدی برآمد ہوئی ۔گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات الزام نمبر 754/2021، 755/2021 اور 756/2021 درج کرلیا گیا ۔گرفتار ملزمان سے منشیات کی سپلائی و فروخت اور ملزمان نیٹ ورک کے دیگر افراد کے متعلق تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔گلشن معمار پولیس پارٹی نے بروقت کارروائی کر کے ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے والے 2 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں عبدالستار ولد محمد بخش اور صالح محمد ولد نور محمد شامل ہیں جبکہ ملزمان کے فرار ساتھی کی تلاش جاری ہے۔ملزمان چیپل بنگلوز گلشن معمار کے قریب سے شہری انور حسین اور ان کے ڈرائیور سے اسلحہ کے زور پر20ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوئے۔ایس ایچ او گلشن معمار کی ٹیم نے اطلاع ملتے ہی ملزمان کا تعاقب کیا اور چیپل بنگلوز علامہ اقبال روڈ پر کارروائی کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، چھینی گئی رقم اور موٹرسائیکل نمبری KFU-7679 برآمدہوئی ۔گرفتار ملزمان کیخلاف شہری کی مدعیت میں مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیاگیا ۔ملزمان نے دوران تفتیش چند روز قبل بلاک 4 گارڈن سٹی کے قریب بھی اسلحہ کے زور پر موبائل فون، نقدی اور 125 موٹرسائیکل چھین کر فرار ہونے کا اعتراف کیا۔واردات کا مقدمہ الزام نمبر 409/2021 بجرم دفعہ 392/397/34 متاثرہ شہری میر گل کی مدعیت میں تھانہ گلشن معمار میں درج ہے۔ملزمان سے مزید گرفتاری و بازیابی کے لیے تفتیش جاری ہے۔ملزمان سے برآمد اسلحہ فارنزک کیلیے بھیجا جائیگا۔ پاکستان بازار تھانے کی پولیس پارٹی نے مفرور ملزم اسامہ ولد انور کو گرفتار کرلیا ۔گرفتار ملزم تھانہ پاکستان بازار کے مقدمہ الزام نمبر 189/2021 بجرم دفعہ 420/506B/34 میں مفرور/مطلوب تھا۔ چاکیواڑہ پولیس نے کلری اور اور بغدادی کے علاقوںسے منشیات فروشی میں ملوث 3 ملزمان کو منشیات سمیت گرفتارکر لیا ۔ ملزمان میں گل فراز ولد عبدالعزیز ، بلال عرف بلو اور غلام فاروق عرف مایا ولد غلام حیدر شامل ہیں، ملزمان سے ہیروئن و چرس برآمد کرلی گئی۔ قائدآباد پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں میں3 منشیات فروشوںکو گرفتار کر لیا ۔گرفتار ملزمان میں حیات خان ، محمد حسن اور عرفان شامل ہیں۔گرفتار ملزمان سے دو کلو سے زائد فائن کوالٹی چرس برآمد ہوئی ۔گرفتار ملزمان پیشہ ور مجرم ہیں اور مختلف نوعیت کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ادھرایس پی کلفٹن کی خصوصی ہدایت پر ڈیفنس پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔قیوم آباد کے علاقے میں کارروائی کرکے ٹھیلہ، پتھارے اور بڑی بسیں کھڑی کرکے روڈ بلاک کرنے والے 9ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ نمبر 629/2021درج کرلیا ہے۔دوسری کارروائی میں منشیات فروش مجیب ولد عبداللہ پکڑا گیا جس کے قبضے سے 22گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 632/2021درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیاگیا ہے۔ادھر پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافر بسوں کی ریس لگانے والے 2کوچز ڈرائیور محمد ہارون اور عرفان اللہ کو گرفتار کرکے مقدمہ نمبر 630/2021درج کرلیا ہے۔ کورنگی صنعتی ایریا پولیس پارٹی نے کارروائی کر تے ہوئے گٹکا ماوے کے کا کارخانے پر چھاپہ مار کر گٹکا ماوا تیار کرنے والے 10 افراد بمعہ ہیوی گٹکا ماوا تیار کرنیوالی 10 مشینیں بر آمد کر لیں ، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 1035/2021 بجرم دفعہ 8/A-4 درج کر لیا گیا ۔