سندھ میں لاک ڈاؤن ملک دشمنی ہے،حلیم عاد ل شیخ

106

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں لاک ڈاؤن سے ملکی معاشی شہ رگ بند کرنا چاہتی ہے۔ سندھ میں لاک ڈاؤن ملک دشمنی ہے۔این سی او سی کے فیصلوں کے تحت سندھ کے فیصلے ہونے چاہیے، ایس او پیز پر عملدرآمد فوج اور رینجرز کو لا کر کرایا جائے۔ہفتے کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں نادر شاہی حکم کے تحت لاک ڈاؤن لگانا افسوسناک ہے، یہ سازش ہے جو حکومت اور پولیس کی بھتا خوری کیلیے لگایا گیا ہے، کراچی سے ملک بھر میں معیشت کا پہیہ چل رہاہے، ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن ملک کو کئی مہینے پیچھے لے جاتاہے،لاک ڈاؤن ہونے سے ریونیو کم اکٹھا ہوگا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ صرف ڈاکٹرز کے کہنے پر اور مال پانی اکٹھا کرنے کیلیے کراچی میں لاک ڈاؤن لگایا گیا، حالانکہ صرف متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا تھا، کیونکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کورونا کے پھیلا ؤکی شرح مختلف ہے، لیکن سب کچھ بند کرکے یہ لوگ پاکستان کی شہ رگ بند کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت کے خلاف سندھ حکومت سازش کررہی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی نہیں پاکستان دشمنی کررہی ہے، ٹرانسپورٹ بند ہے، شہر کچرا کنڈی بنا ہوا ہے جس سے تعفن اور بیماریاں پھیل رہی ہیں، پوچھتا ہوں کہ سندھ حکومت نے ٹھیک طرح سے کورونا ویکسی نیشن کیوں نہیں کی۔