گورنر سندھ نے پودے لگاکر مون سون مہم کا افتتاح کردیا

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کے کلین گرین پاکستان انیشیوٹو کے تحت 10 ارب درخت لگانے کے سونامی منصوبہ کے تحت مون سون مہم کا افتتاح کردیا ہے۔ گورنرسندھ نے مون سون مہم کے موقع پر پودے بھی لگائے۔اس موقع پر دعوت اسلامی پاکستان کے یعقو ب عطاری اور یوسف سلیم عطاری سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔اس مہم سے ماحولیاتی پائیداری اور حیاتیاتی تنوع کو فروغ حاصل ہوگا۔اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ درخت لگانے سے ماحول صاف اور فضائی آلودگی بھی کم ہوتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ درخت لگانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ صرف صحت مند ماحولیاتی نظام کے ساتھ ہی ہم لوگوں کی معاش میں اضافہ کر سکتے ہیں ، آب و ہوا کی تبدیلی کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور بائیو ڈائیوورسٹی کو محفوظ کر سکتے ہیں۔گورنرسندھ نے کہا کہ درخت لگانے کا پروگرام ہزاروں نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہا ہے، حکومت کے فلیگ شپ 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ کے تحت ، پچھلے سال کے دوران جب کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤ ن نے روزانہ اجرت کمانے والوں کو متاثر کیا اس وقت 85ہزار سے زائد لوگوں کوگرین روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں۔اسی تسلسل میںماحولیاتی تحفظ و بحالی کے منصوبوں کے تحت 2021کے اختتام تک 2لاکھ سے زائدگرین روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا حکومت نے ہدف رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤ س میں شہری جنگلات کی شجرکاری مہم کے تحت ایک ایکڑ پر پھیلے ہوئے 30 مختلف درخت پہلے ہی لگائے جا چکے ہیں، ان میں سے 12 درخت پھلوں کے اور 18 دیگر ہیں۔