تحریک انصاف ججوں کو بدنام کرنے کے مشن پر ہے،ناصر شاہ

97

کراچی(صباح نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کہ تحریک انصاف ججوں کو بدنام کرنے کے مشن پر ہے، اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کی اہلیت پر فواد چودھری کے ریمارکس کی میں شدید مذمت کرتا ہوں۔ناصرشاہ نے کہا کہ فواد چودھری کے ریمارکس عقل سے عاری ہیں ، جب ججوں کے طرزِ عمل یا اہلیت پر پارلیمنٹ میں بات نہیں کی جاسکتی ہے تو کوئی وفاقی وزیر یہ کیسے بیان دے سکتا ہے کہ جج نااہل ہے؟ ہمارے لیے سندھ ہائی کورٹ کے محترم چیف جسٹس کے لیے انتہائی احترام ہے جو نہ صرف سینئر ترین ہیں بلکہ ایک بہت ہی قابل جج ہیں ، نہ صرف وہ بلکہ چاروں جج انتہائی قابل ہیں اور ان کی صلاحیت ، دیانتداری یا قابلیت کے بارے میں کوئی شبہ یا سوال نہیں ہے ، یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ تحریک انصاف ججوں کو بدنام کرنے کے مشن پر ہے۔