مسلم لیگ (ن) نے بھی کراچی میں لاک ڈاؤن کی مخالفت کردی

202

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ناصر الدین محمود نے ایک بیان میں حکومت کی جانب سے کراچی میں ایک بار پھر کوروناوائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے فیصلہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے شہر کے چھوٹے تاجر اور بالخصوص غریب محنت کش عوام مزید مشکلات سے دو چار ہو جائیں گے۔ناصر الدین محمود نے کہا کہ اگر حکومت واقعی کراچی کے حالات کو بہت خراب سمجھتی ہے تو کراچی کو آفت زدہ قرار دے کر یہاں کے شہریوں کے تمام ٹیکس معاف کیے جائیں، بجلی اور گیس کے محدود یونٹس مفت فراہم کیے جائیں اور تمام تعلیمی اداروں کی فیس سے شہریوں کو استثنیٰ دیا جائے اور یہ رقم حکومت ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ویکسین کے لیے پابند کردیا ہے لیکن دوسری جانب ویکسی نیشن سینٹر کی تعداد محدود ہونے کے باعث بے پناہ ہجوم ہے جو خود کورونامیں اضافے کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی اور اس پر عمل درآمد کی سمت دونوں ہی درست نہیں جس کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔