ڈراموں اور فلموں نے خاندانی نظام تباہ کردیا، نصراللہ عزیز

294

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر وصدر جمعیت اتحاد العلما سندھ حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ اللہ کے احکامات کی خلاف ورزی اور مغربی تہذیب کی پیروی کرکے کیسے سکون وطمانیت حاصل کی جاسکتی ہے،مغربی ڈراموں،فلموں اور ثقافت کی نقل کرکے معاشرے اور خاندانی نظام کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے اور بے راہ روی کے نتیجے میں آج آئے دن معصوم بچیوں اور خواتین کی عصمت پامال اور بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے جبکہ حکومتی ناقص معاشی کارکردگی کی وجہ سے بھوک، بدحالی، بیروزگاری اور مہنگائی کے سونامی کی وجہ سے لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں،تعلیمی اداروں پر مسلسل 2سال سے پابندیوں نے کمزور تعلیمی نظام کوتباہی کے کنارے پر لاکھڑا کیا ۔جامع مسجد قریشاں لانڈھی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ ابلیس نے اللہ کے ایک حکم کو ماننے سے انکار کیا توقیامت تک ملعون ورجیم بن گیا، آج کے دور میں مسلمان روزانہ احکامات الٰہی کے خلاف اپنی مرضی کے مطابق قوانین بناکر زندگی گزار رہے ہیں، حکمران ٹولہ عوام کو خلاف شریعت زندگی گزارنے پر مجبور کررہا ہے۔