سوات کے شہر میں زلزلے کے جھٹکے

251

سوات: مینگورہ شہر اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوات کے شہر مینگورہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا۔

زلزلے کے باعث فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے جبکہ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی اور زمین میں اس کی گہرائی 178 کلومیٹر تھی اور زلزلے کا مرکز پاکستان، افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

یاد رہے زلزلے قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔

 پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری انڈین اور تیسری اریبئین ہے جبکہ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں، زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے اورزلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔