سندھ حکومت کا 8 اگست تک کوئی سرکاری تقریب نہ کرنے کا فیصلہ

391

کراچی: سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے پیش نظر سرکاری سطح پرکوئی بھی تقریب نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور 8 اگست تک کوئی بھی سرکاری تقریب نہیں ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے بعد سرکاری سطح پرکوئی بھی تقریب نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر وزیر اعلیٰ نے سندھ کابینہ کا اجلاس بھی ملتوی کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ 8 اگست تک کوئی بھی سرکاری تقریب نہ کی جائے اور سندھ کابینہ کا منگل کے روز ہونے والا اجلاس ملتوی کر رہے ہیں، سندھ اسمبلی کا اجلاس مکمل آن لائن کرنے کیلئے بات چیت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کااجلاس بھی ملتوی کرنے کے لیے اسپیکرسے رابطہ کرلیا گیا ہے اور سندھ اسمبلی کااجلاس وڈیو لنک کےذریعےکرنےکا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صرف اسپیکراسمبلی اجلاس میں عملےسمیت موجودہوں، باقی ممبران وڈیو لنک کےذریعےاجلاس کی کارروائی میں شامل ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں تھوڑی بہت قربانی دینی ہوگی، ہم نے فیصلے ڈاکٹرز کے مشورے پر کیے، طبی ماہرین نے کہا کہ اگر بروقت فیصلے نہ کیے تو آخر میں فرنٹ لائن کو نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا اب ڈیلٹا ویرینٹ 100 فیصد تک ہوگیا ہے، وائرس کے پھیلاؤ کو نہ روکا گیا تو اگلے پانچ روز میں اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوجائے گی، مکمل لاک ڈاؤن نہیں کر رہے، مخصوص شعبے بند کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ اسد عمر اور فیصل سلطان سے بات کی اور انہیں فیصلوں پر اعتماد میں لیا ہےکہ لاک ڈاؤن کو کامیاب کرنے میں ہماری مدد کریں، 9 اگست کو ہم پابندیاں ہٹانے کی پوزیشن میں ہونگے، اگر شہریوں نے مدد کی تو بہتر نتائج آئیں گے، لاک ڈاؤن کے دوران ویکسی نیشن جاری رہے گی۔

یاد رہے گذشتہ روز سندھ حکومت نے 8 اگست تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن 8اگست تک رہے گا، 9 اگست سے کھولنےکی طرف جائیں گے، عوام کی جانب سے 9دن پورا تعاون کیاگیا تو پوری امید ہے وبا کا پھیلاؤ روک سکیں گے۔