شہزاد اکبر کیخلاف پروپیگنڈا مہم، ایک اور ملزم گرفتار

293

مشیر احتساب  شہزاد اکبر کیخلاف پروپیگنڈا مہم چلانے کے الزام میں ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر شہزاد اکبر کیخلاف پروپیگنڈا مہم چلانےوالے جاوید جٹ نامی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

ملزم جاویدجٹ ایم پی اے نذیر چوہان کے ساتھ شریک جرم تھاملزم نے سوشل میڈیا پر متعدد چینلز بنا رکھے تھے۔ سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے شہزاد اکبر کی کردار کشی کی گئی۔

پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کیخلاف تھانہ گرین ٹائون میں ایس ایچ او صغیر احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ لاہور کی مقامی عدالت نے سائبر کرائم کے مقدمے میں نذیر چوہان کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا ہے۔

رکن پنجاب اسمبلی کیخلاف درج ایف آئی آر میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ وہ 25 جولائی کو آزاد کشمیر کی قانون  ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوران ٹائون شپ میں واقع ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنے 25 کارکنوں کے ساتھ آئے جہاں نذیر چوہان نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے ایس ایچ او صغیر احمد سے بدتمیزی کا مظاہرہ کیا ۔

دوسری جانب جمعرات کو ایف آئی اے حکام نے گرفتار نذ یر چوہان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ یوسف عبد الرحمن کی عدالت میں پیش کیا اور عدالت کو بتایا کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے اس لیے2 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔عدالت نے صوبائی رکن اسمبلی نذیر چوہان کو تفتیش کی غرض سے 2 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ حکام کے حوالے کردیا اور جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر نذیر چوہان کو31جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔