قومی ٹیم کے بیٹسمین زخمی، دو میچوں کے لیے باہر

286

قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دھچکا، بیٹسمین اعظم خان زخمی ہو نے کے بعد دو میچز کے لیے باہر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹریننگ کے دوران اعظم خان گیند لگنے سے زخمی ہوگئے، ان کے سر پر گیند لگی جس سے وہ ٹریننگ جاری نہ رکھ سکے اور انہیں طبی امداد کے لیے باہر جانا پڑا۔

اعظم خان کے سی ٹی اسکین کے بعد نیورو سرجن نے انہیں مزید 24 گھنٹےاسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعظم خان سر پر زخم آنے کی وجہ سے دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ٹیم فزیو معائنہ کرنے کے بعد ان کے مکمل فٹ ہونے کی تصدیق کریں گے۔

ڈاکٹرزکی رپورٹ پر اعظم خان کی چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں دستیابی سے متعلق فیصلہ پیر کو کیا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ کیلئے قومی کرکٹ اسکواڈ بارباڈوز سے گیانا پہنچ گیا جہاں4 میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا۔ اسکو اڈ کی کوویڈ ٹیسٹنگ بھی ہوئی اور منفی نتائج کے بعدایک روزہ روم آئسولیشن کے بعد تمام کھلاڑیوں نے پریکٹس کی۔

بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انٹرنیشنل کیریئر شروع کرنے والے پیسر محمد وسیم جونیئر کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے اولین میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر فخر ہے کیونکہ وہ مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ دوسری جانب پاکستان اور ویسٹ انڈیزٹیموں کے مابین 5 مرتبہ دوطرفہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔