معیشت پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن لی جاتی ہے، سراج الحق

308

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ بدقسمتی سے ہماری خارجہ پالیسی بڑی طاقتوں کے زیر سایہ ہے جب کہ معیشت پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ڈکٹیشن لی جاتی ہے۔

بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جب تک ملک میں ایسے حکمران نہیں آتے جو عالمی طاقتوں سے مرعوب ہونے کی بجائے قوم کی حقیقی ترجمانی کریں، پاکستان خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کر سکتا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  کشمیر کا سودا کرنے والے حکمرانوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، پی ٹی آئی نے روایتی اور کمزور خارجہ پالیسی جاری رکھی اور ملک کو آئسولیشن کا شکار کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ  معیشت میں بہتری کے بغیر خارجہ پالیسی میں استحکام نہیں آسکتا، حکمرانوں نے ہمیشہ قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی، امت مسلمہ کو متحد ہو کر مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہی ہے، اگرچہ روایتی نو آبادیاتی نظام کا دور ختم ہو گیا ہے، مگر سرمایہ داری نے نئی شکلیں اختیار کر کے انسانوں کے وسائل اور خاص کرکے امت مسلمہ کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے۔