کے سی آئی نے سندھ حکومت کی لاک ڈائون لگانے کی حکمت عملی کی مخالفت کردی

254

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کے چیئرمین و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) زبیر موتی والا نے کورونا وبائی مرض کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت کی لاک ڈاؤن لگانے کی حکمت عملی کی مخالفت کی ہے۔ جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبائی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں شرکت کے دوران انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ لاک ڈائون کے بجائے کورونا کیسز کی تعداد کو کم سے کم کرنے کا واحد حل یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگوں کی ویکسی نیشن کی جائے اورایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ہم نے اس سلسلے میں زور دیا کہ سندھ حکومت کو ویکسی نیشن کے لیے جارحانہ مہم چلانی چاہیے اور اگر ضرورت ہو تو پاک فوج سے بھی مدد لی جائے تاکہ عوام کو جلد سے جلد ویکسی نیشن کروانے پر مجبور کیاجاسکے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ، وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، سینئر نائب صدر کے سی سی آئی ثاقب گڈلک ،آئی جی سندھ ڈی جی رینجرز، سیاست دان، تاجر برادری کے نمائندوں اور ممتاز ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی۔زبیرموتی والا نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ اجلاس کے دوران دی جانے والی پریزنٹیشن سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ جولائی کے مہینے میں 428 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں سے صرف 46 افراد کی ویکسی نیشن ہوئی تھی۔